لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضوں نے شکایت پر جناح اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا تو شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں نے شکایتوں کے انبار لگا دیے۔
اسٹور میں موجودگی کے باوجود دوائیں نہ دینے پر وزیراعلیٰ نےسخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی کو معطل کردیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی موقع پر نہیں پہنچ سکے تھے۔
وزیراعلیٰ نے ہربنس پورہ میں فیلڈ اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں طبی سہولتوں، دواوں کا اسٹاک اور معیار چیک کیا۔
وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس میں اسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی اور مفت دواوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر سرکاری اسپتال میں دستیاب دواوں کی فہرست لگانے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں : مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا
انھوں نے سرکاری اسپتالوں میں مریم نواز شکایات کاؤنٹر فعال اور نمایاں کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے ہدایت کی مریضوں کو کال کرکے فیڈ بیک بھی لیا جائے گی اور ساتھ ہی میڈیکل سٹی پروجیکٹ کا پلان بھی طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ویٹنگ روم میں تیمارداروں کیلئے کرسیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے روز اسپتالوں کا وزٹ کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں چیک لسٹ رپورٹ کی اصولی منظوری دے دی، اسپتالوں کی حقیقی صورتحال جاننے کیلئے ایک سے زائد ادارے چیک لسٹ تیار کریں گے ، جس میں ڈاکٹر، اسٹاف کی حاضری، فری ادویات، لیب ٹیسٹ، بائیو میڈیکل ایکیومنٹ شامل ہیں۔
اجلاس میں اسپتالوں میں انفیکشن کا سبب بننے والے بوسیدہ پردے ہٹا کر بلائینڈر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ، سرکاری اسپتالوں کی لیب کی کوالٹی آڈٹ پر اتفاق، ہیلتھ کئیر کمیشن کو ٹاسک دیا جائے گا۔