پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس آج ہوگا جس میں 31 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس کا 31 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی بہبود آبادی ایکشن پلان پرعمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، پناہ گاہ بل، ویلیج اور نائی برہوڈ کونسلز کے لیے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں سرکاری میڈیکل کالجز کی ٹیچنگ فیکلٹی کے لیے الاونس کی منظوری بھی شامل ہے۔
خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی، مراد سعید
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیاحت کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ایم او یو سائن کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر مواصلات نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کا کہنا تھا کہ سوات موٹروے کو توسیع دے کر ٹورسٹ زون بنایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ فیصلے سے ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا، خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی۔