راولپنڈی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے لگتا ہے کہ علی زیدی جے آئی ٹی متنازع بنا کر ملزمان کو فائدہ پہنچاناچاہتے ہیں، بغیر تصدیق وفاقی وزیر کو یہ چیزیں زیب نہیں دیتیں، کل کے پروگرام میں بھی اپنا دفاع نہیں کرپا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ روشن پروگرام منصوبے میں کوئی غلط کام نہیں کیا، 4 جون کو پہلی بار نیب میں پیش ہوا تھا، 9جون کو نیب سے سوال نامہ ملا اور کہا گیا 18جون کو جمع کرادیں، کورونا،بجٹ صورتحال کے باعث جولائی کا وقت مانگا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا سندھ اسمبلی میں 17جون کو بجٹ پیش کرنا تھا 18 کوآنا ممکن نہ تھا، نیب نے جواب دیا کہ آپ کی درخواست مان لی ہے اور8جولائی کو جواب جمع کرائیں، نیب میں جواب جمع کرادیا اس پر کچھ وضاحت مانگی گئی جواب دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ علی زیدی کی بات نہ کریں رات کو لوگ ان کو گیٹ پرچیزیں دے جاتے ہیں، اور صبح بانٹ دیتا ہے، عزیر بلوچ کو رینجرز نے گرفتار کیا تھا 90 دن کی حراست کا قانون تھا اور اس کیس پر جےآئی ٹی بنی جس میں تمام ادارے کے نمائندے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے ہیڈ نے اصل دستخط کیساتھ محکمہ داخلہ سندھ کو جمع کرائی ، 7 دستخط پر مشتمل اصل جے آئی ٹی محکمہ داخلہ سندھ میں موجود ہے، جے آئی ٹی صرف ایک ہوتی ہے ، عدالت میں بھی وہی جمع کرائی گئی، عدالت نے سربمہر جے آئی ٹی پڑھی اور پھر ہمیں واپس کردی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے علی زیدی نے بغیر دستخط کی جے آئی ٹی کاپی پڑھنا شروع کردی، علی زیدی کی وجہ سے ہم پر سیاسی دباؤ آنا شروع ہوا، عزیر بلوچ کیساتھ جو بھی ملوث تھے ان سب کے نام تھے اور عزیر بلوچ کی جےآئی ٹی سامنے آنے سے سب خبردار ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے کل پروگرام میں بتایا کوئی موٹرسائیکل پر آیا اورچوکیدار کو دے کر چلاگیا، علی زیدی نے جتنی غیر ذمے داری دکھائی ایسا تو راہ چلتا بھی نہیں کرتا۔
انھوں نے کہا کہ کوئی گیٹ پر کاغذ دے جائے میں اسمبلی میں اس پر بات کروں تویہ غیرذمہ داری ہے، بغیر کسی تصدیق کے ایک وفاقی وزیر کو یہ چیزیں زیب نہیں دیتیں ، مجھے وزیراعظم نے نہیں بتایا کہ علی زیدی سے ملا ہوں، علی زیدی نے وزیراعظم کو بتایا کہ کوئی موٹرسائیکل پر دے گیا تو یہ تھوڑی غیرذمہ داری ہوئی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ علی زیدی جو باتیں کررہے ہیں ان پر بھروسہ کرنا تھوڑا مشکل نظرآتا ہے ، میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم غیر ذمہ دارانہ بات کریں گے لیکن یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے، علی زیدی کل ایک پروگرام میں اپنا دفاع نہیں کرپا رہے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میراذاتی خیال ہے علی زیدی جے آئی ٹی کو متنازع بناکر ملزمان کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، جے آئی ٹی میں ایسی کوئی بات ہوگی تو قانون اپنی کارروائی کرے گا ، پہلے پتہ ہوتا کہ موٹرسائیکل پر کوئی جےآئی ٹی دے کرگیا ہے تو میڈیا بھی نہ دکھاتا اور نہ ہم ریلیز کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی زیدی موٹرسائیکل والی بات پہلے بتاتے تو جے آئی ٹی جاری کرنے کے بجائے ان پر ہنستے، جےآئی ٹی کے سارے کیسز عدالت میں ہے عزیر بلوچ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فردجرم عائد ہوئی، عزیر بلوچ کے کئی ساتھیوں کے بیانات ہیں کہ پی ٹی آئی جوائن کررہےہیں، پیپلزپارٹی کو ضیاالحق ، مشرف نے ختم کرنے کی کوشش کی نہیں ہوئی تو یہ لوگ کیا بیچتے ہیں۔