جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں طلبا کی جانب سے نقل کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولرامتحانات کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر سکھر ریجن میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور دیکھا کہ چند مراکز میں میٹرک کے امتحانات کے دوران طلبا کھلم کھلا نقل کرنے میں ملوث پائے گئے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے وزیراعلی سندھ کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ چند امتحانی مراکز میں نہ صرف یہ کہ نقل ہورہی تھی بلکہ مصدقہ رپورٹس ہیں کہ سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے سوالیہ پیپر بھی امتحانات شروع ہونے سے قبل آﺅٹ ہوئے ہیں۔

- Advertisement -

وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیر تعلیم کی رپورٹ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کے کنٹرولر امتحانات عبدالسمیع سومرو کو معطل کردیا اور کنٹرولر امتحانات سکھر کا چارج ڈپٹی کنٹرولر آف امتحانات کو دے دیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی بورڈز کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے امتحانی نظام کو مستحکم بنائیں نہیں تو تعلیمی بورڈ ز کے متعلقہ افسران کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوچکا، امتحانات کے پہلے روز ہی بوٹی مافیا نے اپنا کام دکھاتے ہوئے گھوٹکی، سکھر اور بدین میں پرچے شروع ہونے سے قبل واٹس ایپ پرشیئر کردیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں