کراچی : سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے استقبال اور سیکیورٹی انتظامات پر وزیرعلیٰ ہاﺅس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکیورٹی اور ٹریفک منیجمنٹ کے حوالے سے غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے استقبال اور سیکیورٹی انتظامات پر وزیرعلیٰ ہاﺅس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں نثار احمد کھوڑو ، وقار مہدی، سعید غنی ، امداد پتافی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ، کمشنر کراچی ، ڈی آئی جی ساﺅتھ، ڈی سی ایسٹ اور دیگر افسران شریک تھے۔
اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی واپسی اور ان کے استقبال کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی، اجلاس میں آصف علی زرداری کے استقبال کے پروگرام کی نگرانی کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق ساؤتھ اورویسٹ کی کمیٹیوں کی نگرانی پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑوکریں گے ملیراورکورنگی کی کمیٹیوں کی نگرانی وقارمہدی کریں گے، ڈسٹرکٹ ایسٹ اورسینٹرل کی کمیٹیوں کی نگرانی سینیٹر سعیدغنی کی ذمے داری ہوگی۔ پیپلزپارٹی نے ضلعی سطح پر سولہہ اکتوبرکی ریلی کیلئے بنائی گئی کمیٹیاں بھی بحال کردی ہیں۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق کمیٹیاں شہربھرمیں استقبالیہ کیمپ لگائیں گی۔
مزید پڑھیں : سابق صدرآصف زرداری کی وطن واپسی کا شیڈول جاری
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اولڈ ٹرمینل پر لینڈ کرینگے، استقبال کے لئے آنے والے لوگوں کی سہولت کے لئے بندوبست کیا جائے، ٹریفک انتظامات ایسے ترتیب دیئے جائیں تاکہ ٹریفک جام نہ ہو۔ زرداری صاحب ریلی سے خطاب بھی کرینگے۔
پیپلز پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے پھر ہوگا، جس میں اراکین اسمبلی اور پیپلز پارٹی سندھ کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہونگے۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیلئے پیپلز پارٹی نے بھرپور تیاریاں شروع کردیں ہیں، استقبال کے تیاریوں کی نگرانی بلاول بھٹو زرداری خود کررہے ہیں۔