کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں گے، ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کی سیکیورٹی بڑھائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ علی رضا عابدی کی رہائش گاہ پہنچے،علی رضا عابدی کے انتقال پر والد سے تعزیت کی اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہائی کرائی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، علی رضا عابدی تو واپس نہیں آسکتے مگر ظالم کو سزا ملنی چاہئے، آپ اطمینان رکھیں ہم قاتل کو گرفتار کریں گے۔
مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چاراہم ملزمان گرفتار
واضح رہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کیا گیا، زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دو روز میں کراچی ایئرپورٹ سے چھان بین کے ذریعے کامیابی حاصل ہوئی، ملزم کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کی تلاش جاری ہے اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ تین روز قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے تھے۔