کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسکولوں میں تدریسی عمل شروع کئے جانے سے متعلق اجلاس طلب کرلیا ہے ، جس میں اہم فیصلے متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت آج وزیراعلی ہاؤس میں بڑی بیٹھک ہوگی ، جس میں پیر کے روز سے تدریسی عمل شرو ع کئے جانے اور میٹرک کے امتحانات کی تاریخ بڑھانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔
وزیراعلی ہاؤس میں بیٹھک سے پہلے وزیر تعلیم سندھ نےاسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلالیا ہے، جس میں سرکاری نجی اوردیگر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ میں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا ہے ، تدریسی عمل شروع کرنے سے متعلق رائے لی جائے گی، اجلاس کی تجاویز وزیراعلیٰ سندھ کےاجلاس پیش کی جائیں گی، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعلی سندھ کریں گے۔
مزید پڑھیں : سندھ حکومت آئندہ چندروز میں اسکول، کالجز، جامعات سےمتعلق فیصلہ کرے گی، مرتضیٰ وہاب
اس سے قبل سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ اسکولوں اور پی ایس ایل میچز کو ایک زاویے سے نہیں دیکھ سکتے ، اسکولز کالجز میں تدریسی عمل معطل کرنے سے نقصان ہورہا ہے، سندھ حکومت آئندہ چندروز میں اسکول، کالجز، جامعات سےمتعلق فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیرصحت عذرا پیچوہو کی زیرصدارت اجلاس میں تعلیمی اداروں کو طویل عرصے تک بند رکھنے اور بڑے عوامی اجتماعات پرپابند ی لگانےکی تجویز دی گئی تھی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنائی جائے گی جو کرونا وائرس سے متعلق معلومات فراہم کرے گی جبکہ کرونا وائرس کےتصدیق شدہ مریضوں کو گڈاپ میں قائم اسپتال میں طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
بعدازاں سیکرٹری تعلیم سندھ خالد شاہ نے اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کی تجویز کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، سندھ میں تمام تعلیمی ادارے 16 مارچ کو کھل جائیں گے۔