لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے لاہور میں 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 21واں اجلاس ہوا ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے انہیں بسوں کی خریداری پر بریفنگ دی۔
انہوں نے ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹائم لائن مقرر کی جائے اور بسوں کی خریداری کو جلد مکمل کیا جائے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور میں پہلے مرحلے میں 300 ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، تمام ضروری امور جلد طے کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئی بسوں میں خواتین، اسپیشل اور نابینا افراد کے لیے علیحدہ سیٹیں مختص کی جائیں گی، لاہور میں خواتین کے لیے خصوصی بس اسٹاپ بھی بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپیشل نابینا افراد کے لیے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مخصوص ہوں گی، ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلنے سے ماحولیاتی آلودگی، اسموگ میں کمی واقع ہوگی جبکہ شہریوں کو آمدورفت کی سستی، معیاری سہولت ملے گی۔