کراچی: وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے قیام کا اعلان کردیا جو 200 بستروں پر مشتمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آئندہ سال میڈیکل کالجوں میں 100 نشستیں بڑھانے اور ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 200بستروں پرمشتمل ہوگا، اسپتال کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلدکام شروع کردےگا جبکہ ڈی جی خان میں آئی ٹی ٹاور بھی بنایا جائے گا‘۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ راجن پور، لیہ میں بھی 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال بنایا جائے گا، عوام سے جو وعدے کیے انہیں ضرور پورا کریں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ رابطہ سڑکوں کوکشادہ کرکےڈبل روڈزبنائیں گے۔
مزید پڑھیں: ملتان کا نشتراسپتال معیاری سہولتیں فراہم کررہا ہے، عثمان بزدار
قبل ازیں سردار عثمان بزدار نے ملتان میں بنائے جانے والے نشتر اسپتال 2 کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ نشتر اسپتال ملتان کے عوام کے لیے بڑا تحفہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملتان کا نشتراسپتال معیاری سہولتیں فراہم کررہا ہے، او پی ڈی میں یومیہ 6 ہزار مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے صوبوں سے بھی مریض علاج کے لیے یہاں آتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ’نشتر اسپتال فیز 2 کو بہت پہلے شروع ہوجانا تھا مگر ماضی کی حکومتوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 500 بستروں کا اسپتال بنایا جائے گا، نشتراسپتال 2 میں 120 بستروں پرمشتمل ایمرجنسی وارڈ بنایا جائے گا۔