لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف کام کرنے والے ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے بےشمار لوگوں کا روزگار متاثر ہوا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 25 لاکھ گھرانوں کو 4 ہزار روپےمالی امداد دی جائےگی، 15ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز بھی معاف کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پنجاب میں فرنٹ لائن کے پیرا میڈیکس اسٹاف کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے ہیروز ہیں، پنجاب حکومت ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی سزا میں90 روز کی کمی کا اعلان کرتے ہیں، سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزاؤں میں کمی نہیں ہوگی،انڈر ٹرائل قیدیوں سےمتعلق سفارشات جلد حکومت کو دیں گے۔
اس سے قبل عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو سائنیٹفک انداز میں ٹریٹ کیا جائے،مستقل خاتمہ چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 200 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال جلد از جلد قائم کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1415 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔