لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نیب میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکرجواب دوں گا، میرے وزیر میرے ساتھی ہیں، جو سوال کرنا ہے میں حاضر ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں، چیلنجز کو خیرخیریت سے سنبھالا،نتیجہ اچھا آیا، پنجاب کے حالات دیگر صوبوں سے زیادہ بہترہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ محرم کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، انشااللہ محرم کےدوران بہترین انتظامات ہوں گے، کوروناکیخلاف جنگ لڑنیوالے ہمارے ہیروز ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کچھ عرصے کےبعد منفی پروپیگنڈا شروع ہوجاتاہے، صوبوں کی ترقی پسند نہ کرنیوالے ایسے پروپیگنڈےکرتےہیں، امن وامان کےقیام کیلئے تمام تراقدامات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کی نسبت پنجاب میں قیمتیں کنٹرول میں ہیں ،الحمدللہ ہم پری کورونا صورتحال میں واپس آگئےہیں ، پنجاب حکومت کورونا حالات میں اچھے سے نبردآزما ہوئی، ایس اوپیز پر سختی سے عمل اور عوامی اجتماعات سے پرہیز کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور طرز پر سیف سٹی پورے پاکستان میں نہیں ہے، آج پنجاب میں کورونا سے صرف ایک موت ہوئی ہے، اپوزیشن کو پنجاب کی ترقی نہیں پسند اس لئے ایسی خبریں پھیلا رہی ہیں۔
نیب پیشی کے حوالے سے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مجھے جلوس کیساتھ جانے کی ضرورت نہیں، نیب میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکرجواب دوں گا، میرے وزیر میرے ساتھی ہیں، جو سوال کرنا ہے میں حاضر ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے 41لاکھ ٹن گندم خریدی ہے ، کون سی فائل رکی ہے نام نمبر بتائیں میں ذمہ دارہوں ، پنجاب میں کوئی بھی فائل نہیں رکی ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نیب وفاقی ادارہ ہے ، صوبے کے انڈرنہیں آتا، جو ادارہ میرے دائرہ اختیارمیں نہیں آتا اس پربات نہیں کرسکتا۔