لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ضلع بھکر میں تھل یونی ورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی، جس سے بھکر اور گرد و نواح کےعلاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے تھل یونی ورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس یونی ورسٹی کے قیام سے بھکر کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق بھکر میں یونی ورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال پر مشتمل ہے، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو اراضی کی جلد نشان دہی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے تھل یونی ورسٹی کے قیام کے لیے بل کا مسودہ فی الفور تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے لیے تعلیم کے شعبے کی بہتری اوّلین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب میں بھی ایک یونی ورسٹی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دنوں بابا گورو نانک یونی ورسٹی کے ماڈل کا معائنہ بھی کیا تھا، اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ بابا گورو نانک یونی ورسٹی کا منصوبہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، اس کی تعمیر پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی، وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح بھی کر چکے ہیں۔