لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بہاولپور اور ملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی۔دونوں شہروں میں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائےگا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے، دونوں سول سیکرٹریٹ کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے،حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں،سابق دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا،جنوبی پنجاب کے فنڈز من پسند ضلعوں پر خرچ کیے گئے،جنوبی پنجاب کے لیے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوں گے۔
فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں، عثمان بزدار
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں،فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے۔