لاہور: وزیر اعلٰی شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی ذمہ داری سرحدوں کی حفاظت اور ملکی دفاع ہے، فوج اپنا کام کرے اور سیاستدان اپنا کام کریں۔
تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کو مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر لگتا ہے کہ قائد اعظم اورعلامہ اقبال کے خواب والا پاکستان شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ادارے کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے جبکہ سیاستدان ملکی معیشت میں بہتری، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
دوران تقریر وائس ائیرچیف سعید محمد خان کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے محفل میں بیٹھے لوگوں کو ماضی کا ایک قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ ’’ایک بار ان کے طیارے کو حادثہ پیش آنے لگا تو ائیرفورس اور کنٹرول ٹاور نے بروقت رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے محفوظ کرلیا تھا، ائیرفورس نے اس واقعے کی انکوائری کی تھی جو تاریخ کا حصہ ہے‘‘۔