لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام اسکولوں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کااعلان کردیا اور کہا تمام اسکول صرف ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی اور صرف ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو تنخواہوں کی مکمل،بروقت ادائیگی کاپابندبنایاجائےگا اور کسی اسکول کو ٹیچرز یا اسٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام سکولوں کی فیس 20 فیصد کم اور صرف ماہانہ بنیاد پر وصول کی جائے
اس دوران سکولوں کو تمام اساتذہ اور سٹاف کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا اور کسی سکول کو ٹیچرز یا سٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) April 6, 2020
دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر نجی اسکول چھٹیوں کے دوران فیس 20 فیصد کٹوتی کے ساتھ وصول کریں گے ، فیسوں میں کمی کا یہ فیصلہ اپریل اور مئی کے مہینوں کے لئے کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ تمام پرائیویٹ اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے اور ماہانہ بنیادوں پر فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہ کہ اس دوران تمام اسکول اساتذہ اور اسٹاف کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند ہوگا اور کسی سکول کو ٹیچرز یا اسٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔