لاہور : وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا ماسک اور سماجی فاصلے کو عادت بنا کر کوروناسے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے سے کورونا کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر احتیاط بے حد ضروری ہے۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔ماسک اور سماجی فاصلے کو عادت بنا کر کوروناسے محفوظ رہا جاسکتا ہے، پنجاب میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24گھنٹے میں کورونا کے دو مریض جاں بحق ہوئے اور کورونا کے115 نئے کیس سامنے آئے، صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد1814 ہے اور اب تک کورونا کے باعث 2245 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک کورونا کے 96 ہزار69مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران10066 ٹیسٹ کئے گئے ، جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیرہ لاکھ 18ہزار 330کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔