لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزیدکمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا جارہا ہے، بجٹ میں عوام کو اچھی خبریں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رواں سال بھی وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے جبکہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔
عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزیدکمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا محکموں کوسخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہو گا اور ہرسطح پراخراجات کنٹرول کرکےکفایت شعاری کوفروغ دیاجائےگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس پرکام کی رفتار کو تیزکرناہوگا، عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت کے بجٹ میں عوام کو اچھی خبریں دیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال کابجٹ کامحورعام آدمی ہوگا، کاشتکاروں اور صنعتکاروں کو ریلیف دیا جائے گا، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم نے کمزور طبقوں کا تحفظ کرناہے۔