لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اللہ اور عوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے صحت یابی پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا سے صحت یابی پر اللہ کا اور دعائیں کرنے پرعوام کی محبت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی میرا اوڑھنابچھونا ہے، محنت،جذبے اورعزم سےفلاح عامہ کاسفر جاری رکھیں گے، عوام سے اپیل ہے وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا جان لیوا مرض ہے،احتیاطی تدابیرمیں ہی تحفظ ہے، کوروناکی دوسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے ، شہری باہرنکلتے وقت ماسک پہننے کی پابندی پرعمل کریں۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ کورونا کے دوران بھی سرکاری امور نمٹاتا رہا، پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں، صحتیابی کے بعد مزید محنت اور جذبے سےعوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔