اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کی امیدوار مریم نواز ہوں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی، علیم خان، صادق سنجرانی ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اب تک یہی کہتا رہا ہوں کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہوں گے، ان سے درخواست کروں گا کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پی میں جس کو بھی وزیر اعلیٰ نامزد کیا ہے اس کا احترام کرتے ہیں، صوبوں میں جس کی اکثریت ہے وزرات اعلیٰ اس کا حق ہے۔
"پنجاب میں وزیر اعلی کی امیدوار مریم نواز ہوں گی” شہباز شریف#ARYNews pic.twitter.com/PFWD2DQXNO
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) February 13, 2024
انہوں نے کہا کہ تقسیم میں مینڈیٹ ملا ہے جس کو ہم سب قبول کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ن لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، چوہدری شجاعت، ایم کیو ایم، علیم خان، صادق سنجرانی کا بھی شکر گزار ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جو پارٹیاں یہاں موجود ہیں یہ ہاؤس کی دو تہائی اکثریت رکھتی ہیں، پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار حکومت بنانے کا شوق رکھتے ہیں تو اکثریت لے آئیں، اگر پی ٹی آئی اکثریت لے آتی ہے تو ہم ان کا احترام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس قابل ہیں ہمارے پاس اکثریت بھی ہے، مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کریں گے، پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے مشکلات ہیں لیکن ناممکن نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی ترقی کے لیے ہم تمام اختلافات کو بھلا کر اکٹھے ہوں، اختلافی مسائل کو دفن کریں، انا کا مسئلہ ختم کریں، پاکستان کے مفاد میں ذاتی مفاد کو ختم کریں اور ساتھ چلیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد جناب محمد نوازشریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کےلئے جناب محمد شہبازشریف کو نامزد کر دیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کےلئے محترمہ مریم نوازشریف کو نامزد کیا ہے۔ جناب محمد نوازشریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی…
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) February 13, 2024
ن لیگی رہنما نے کہا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے جو سب سے بڑا چیلنج ہے، وہ قومیں آگے برھتی ہیں جن کی لیڈر شپ ملک کے لیے ایک ہوجائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ملک کو معاشی استحکام ملا، ہم نے قرضوں کا معاملہ حل کرنا ہے، مہنگائی کے خلاف جنگ لڑنی ہے، معیشت کو بہتر کرنا ہے جو ایک اہم ایجنڈا ہے۔