جمعہ, فروری 7, 2025
اشتہار

عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے، کوشش ہے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات طے ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

وزیراعلٰی نے حکام کو ہدایت کی کہ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم نبوت ﷺ کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے، کوشش ہے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات طے ہوں، ہم پاکستان کی بہتری کی سوچ لے کر آگے چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں، متعلقہ ادارے اسی تناظر میں فول پروف اقدامات یقینی بنائیں اور اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

وزیراعلٰی پنجاب نے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو امن عامہ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

گذشتہ روز بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست یہ ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ شہریوں کے روزمرہ کے معمولات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، ٹریفک کے متبادل روٹس کی تشہیر کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ کاروبار زندگی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں