لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معذور نوجوان کو ملازمت دینے کا وعدہ پورا کردیا، جس پر نوجوان نے وزیراعلٰی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا عثمان بزدار سچے لیڈر ہیں، جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے بہاولنگر کے معذور نوجوان سے سرکاری ملازمت کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا، ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے وزیراعلی پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت میں سرکاری ملازمت کا تقررنامہ نوجوان کو دے دیا، جس کے بعد نوجوان خوشی سے نہال ہیں۔
عثمان بزدار کی ہدایت پر بلال احمد کو ٹی ایچ کیواسپتال چشتیاں میں سرکاری ملازمت مل گئی ہے۔
سرکاری ملازمت ملنےپرمعذور نوجوان نے وزیراعلٰی پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا عثمان بزدارسچےلیڈرہیں،جوکہتےہیں کرکےدکھاتے ہیں، اب میں روزگار کے لئے دوسروں کا محتاج نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلال احمدجیسےاسپیشل لوگ ہمارااثاثہ ہیں ، اسپیشل افرادکوکوٹےکےمطابق ملازمت کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔
یاد رہے بہاولنگر ضلع کے گزشتہ دورے کے دوران تحصیل چشتیاں میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی گاڑی روک کر بے روزگار معذور نوجوان محمد بلال نے ملازمت کی خواہش ظاہر کی تھی ، جس پر سردار عثمان بزدار نے معذور نوجوان کو سات دن میں سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔