وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے نفرت کی آگ پورے پاکستان میں پھیلا دی ہے، تم جہاں بھی دبک کر بیٹھے ہو آئین وقانون حرکت میں آئیگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نفرت کی آگ پورے پاکستان میں پھیلا دی ہے اور اپنے کارکنوں میں نفرت کا بیج بو دیا ہے، اتنی نفرت بھر دی ہے کہ گولی مارنے والے نے یہ بھی نہ دیکھا کہ یہ بھی بہادر پولیس اہلکار ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کاسٹیبنل کے بیٹے کے آنسوؤں سے میرا دل چھلنی ہوگیا، میں شہید کے بیٹے کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتا ہوں، میں انتقام نہیں لوں گا لیکن وہ کروں گا جو ایک پاکستانی کے ناطے مجھے کرنا چاہیے، سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلانے سے پر قانون حرکت میں آئیگا اور جمہوریت کے لبادے میں خودکش جیکٹ پہن کر حملہ کرینگے تو قانون حرکت میں آئیگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے کےعوام سے معافی چاہتا ہوں دل پر پتھر رکھ کر اقدامات کر رہےہیں، انشااللہ اس ملک پر ہماری جان بھی قربان ہے وہ ملک قائم نہیں رہتے جہاں عدالتوں کے فیصلے نہ مانے جائیں اور آئین و قانون کی پرواہ نہ ہو، یہ بنانا ری پبلک نہیں کہ الیکشن کمیشن اور الیکشن کی تاریخ بھی تمہاری مرضی کی ہو۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دھمکیاں دینا کون سی سیاست ہے، عمران نیازی کو اوچھے ہتھکنڈوں کی آئین و قانون اجازت نہیں دیتا، یہی خدشات تھے یہ گالیوں سے گولیوں کی سیاست کرنا چاہتا ہے، انتقام کی آگ میں اتنی دورچلے گئے کہ نوجوانوں کو ایک نوکری نہ دے سکے، اپنا بنی گالہ کا گھر قانونی قراردیدیا،غریب کے گھر گرا دیے، مری میں 21 لوگ برف میں مر گئے مگر تمہیں ان سے ملنے کی توفیق نہ ہوئی۔