پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل حمزہ شہباز کا بجلی پر ریلیف دینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں ضمنی انتخاب سے قبل بجلی پر ریلیف دیتے ہوئے گزشتہ 6 ماہ میں 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضمنی انتخاب سے قبل بجلی پر ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ6 ماہ میں بجلی کے 100 یونٹ استعمال کرنیوالوں کو پنجاب حکومت مفت بجلی دے گی اور ایسے صارفین کو نہ صرف بجلی کا ریلیف بلکہ انہیں ایک مدت کے اندر سولر پینل بھی دیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ریلیف کا سلسلہ جو سستے آٹے، دوائیوں سے شروع ہوا مفت بجلی تک پہنچا ہے، آگست میں 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کے بل پنجاب حکومت ادا کریگی، ہم چاہتے ہیں آنے والے سالوں میں ان غریبوں کو مفت بجلی ملے، مفت بجلی منصوبے کیلئے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندان ایک سال کے اندر مستفید ہونگے۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن کے طور پر زمانہ طالب علمی میں جیل کاٹی، میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں کام کرنے نہیں آیا اور نہ عمران نیازی کی طرح یہ کہوں گا کہ آلو پیاز کا ریٹ دیکھنے نہیں آیا، اگر لوگوں کا چولہا ٹھنڈا ہوگا تو مجھے بھی یہاں بیٹھنے کا حق نہیں ہے، آج بجلی مہنگی ہے اور غریب کا کچن مشکل سے چل رہا ہے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 74 سال بعد بھی ملک دوراہے پر کھڑا ہے، آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے، اس مہنگائی کے جن کو بھی آہستہ آہستہ بوتل میں بند کرینگے، آئی ایم ایف کا پروگرام بھی آئے گا دوست ممالک بھی مدد کرینگے، سابقہ حکومت میں غریبوں کے بچوں کے خوابوں سے کھلواڑ کیا گیا، میں الزامات کی سیاست نہیں کرونگا، 4 سالوں کا سوال تو قوم عمران نیازی سے کرے گی، ابھی فارن فنڈنگ کیس کابھی فیصلہ آئے گا، اب وہ قوم کو کیا منہ دکھائیں گے بلکہ اب قوم 17 جولائی کو عمران نیازی کو منہ دکھائے گی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم شہزاد اکبر کی طرح بڑی فائلیں اٹھا کر الزام نہیں لگائیں گے بلکہ عوام کے سامنےہر کیس کے حقائق آئیں گے، جو ملوث ہے چاہے فرح خان ہو ہم عوام کو ثبوتوں کیساتھ حقائق پیش کرینگے، عثمان بزدار تو ڈمی تھا فرح خان کی کرپشن کا عمران نیازی جواب دیں، تین ماہ آئینی بحرانوں سے نمٹتے رہیں ہیں، سخت فیصلے ہیں اور ہر فیصلے کی سیاسی قیمت ہوتی ہے، سخت فیصلے ہیں او ہر فیصلے کی سیاسی قیمت ہوتی ہے، ہمارے پاس دو آپشن تھے ریاست بچاتے یا سیاست، ہم سب کوسیاست سے ہٹ کر ریاست کی فکر کرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی کی طرح 90 دن میں سب ٹھیک ہونے کا نہیں کہوں گا، ایسی کوئی بات نہیں کروں گا کہ کل شرمندگی اٹھانی پڑے،  جب تک پنجاب کا وزیراعلیٰ ہوں عوام سے سچی بات کرونگا، کسی کی عزت اچھالنے کیلئے چور ڈاکو کے نعرے نہیں لگاؤں گا، کیا مجھےاحساس نہیں غریب بچے کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، قوم کے بچے ریلیف کیلئے ترس گئے ہیں، دن رات محنت کرینگے اور ڈوبتی سسکتی معیشت کو ڈگر پر لیکر آئیں گے، ہماری نیت ہے پاکستان کو دوبارہ وہاں لائیں جہاں سےترقی کا سفر رکا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں