ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ پیدا ہونے دیں گے: وزیر اعلیٰ پنجاب

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات ہوئی، دونوں نے آب پاک اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں کے درمیان پنجاب آب پاک اتھارٹی کے امور کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔

- Advertisement -

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے تاریخی اقدامات کر رہی ہے، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی سے پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی بحران ہے نہ پیدا ہونے دیں گے، حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے اور سازشیں کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، تحریک انصاف کی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

دونوں کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صاف پانی کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صاف پانی کی فراہمی جیسے امور میں کوتاہی برتی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اتھارٹی سے متعلقہ امور کو جلد طے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی اسکیموں کے لیے آپریشنل اینڈ مینٹننس یونٹ بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی کے لیے بہترین ٹیم موجود ہے، اس منصوبے کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لیڈ لینا ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں