پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ والدین خود خیال کریں بچوں کا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہے یا انہیں تھانے میں بند کروانا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہے اس پر کوئی کمپرو مائز نہیں ہوگا۔ والدین خود خیال کریں بچوں کال ائسنس بنوانا ہے یا انہیں تھانے میں بند کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 70 لاکھ گاڑیاں اور صرف 7 لاکھ لائسنس تھے۔ اب پنجاب بھرمیں یومیہ 74 ہزار ڈرائیونگ لائسنس بن رہے ہیں صرف لاہورمیں ایک دن میں 24 ہزار ڈرائیونگ لائسنس بنائے گئے جو ریکارڈ ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں تھانوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے جب کہ لاہور میں 22 نئے تھانے بھی بنائے جا رہے ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہر کے پرانے مسائل کو لے کر کام کر رہے ہیں اور سیف سٹی منصوے کو مزید 16 شہروں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید ہے جو بھی نیا وزیر اعلیٰ آئے گا وہ بہتر کام کرے گا۔