لاہور: نشتر کالونی میں آٹھ سالہ بچے ارسلان کے قتل کا معمہ حل نہ ہو سکا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں گذشتہ روز نالے سے ملنے والی آٹھ سالہ بچےارسلان کےقتل میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے، پولیس نے معصوم ارسلان کی لاش پوسمارٹم کےبعد ورثا کےحوالےکردی ہے، پولیس اور سی آئی اے تاحال ملزمان کا سراغ لگانےمیں کامیاب نہ ہو سکی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے نشتر کالونی کےعلاقےمیں آٹھ سالہ بچےکےقتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سےرپورٹ طلب کرلی ہے، اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول بچےکےخاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیاجائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقتول بچےکے لواحقین سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنےکی مکمل یقین دہانی بھی کرائی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز نشتر کالونی سے چند روز قبل اغوا ہونے والے آٹھ سال کے ارسلان کی لاش روہی نالہ سے برآمد ہوئی تھی، بچے کی گمشدگی پر مقامی پولیس نے پہلے ٹال مٹول سے کام لیا اور مقدمہ نہیں درج کیا،بعدازاں ایس پی کی مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ارسلان کوقتل کیاگیاہے،تمام پہلوؤں پرتفتیش کی جارہی ہے،سی سی پی اولاہورغلام محمود ڈوگر نے ایس پی ماڈل ٹاون سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔