لاہور: پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کردی، انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو تیز کیا جائے، ضروری آلات و مشینری فی الفور متاثرہ علاقوں میں منتقل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور دیگر اقدامات کیے جائیں، نشیبی علاقوں میں عوام کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کو خیمے اور خشک راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے، میڈیکل اور ویٹرنری فکسڈ کیمپ کے ساتھ موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پنجاب سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔