ہارون آباد : وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے جب کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور حلقہ این اے 169 میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
شوکت بسرا نے فورٹ عباس اور ہارون آباد میں جاری ترقیاتی پراجیکٹ پر آگاہ کیا، اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے جب کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اسمبلیوں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا سے پرہیز کرے، عمران خان ہی ہمارے لیڈر ہیں، وہ ہی ملک کو اس دلدل سےنکال سکتے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بار پھر عمران خان کا ساتھ دینے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا تھا عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔