لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہورکے پرائیویٹ اسکول میں طالبات کوہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کےلیےکمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہورکے پرائیویٹ اسکول میں طالبات کوہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کےلیےکمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کمیٹی واقعات کی غیرجانبدارانہ انکوائری کرےگی۔
یاد رہے وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے نجی اور سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے ساتھ ہراسگی جیسے ناخوشگوار واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے اُن کی روک تھام کے لیے نیا ایکٹ لانے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : پنجاب کے اسکولوں میں طلبہ کو ہراساں کرنے کا انکشاف، وزیر تعلیم کی تصدیق
ڈاکٹر مراد راس نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعات کی تحریری شکایت لازمی درج کروائیں، پچھلے کچھ دنوں کے دوران مختلف نجی اسکولوں سے ہراسگی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جو بہت تشویشناک بات ہے، بھرپور اور جامع ایکشن لینے کے لئے والدین کی طرف سے تحریری شکایات کا درج ہونا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کے لئے نیا ایکٹ لا رہے ہیں جس سے ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی قانون بنایا جائے گا، پرائیویٹ اسکولوں کے حوالے سے بننے والے قانون کے مطابق طلباء کو ہراساں کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور جیل بھیجنے جیسی سزائیں دی جائیں گی۔
خیال رہے نجی اسکول نے طالبات کو جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں 4 اساتذہ فارغ کردیا، اساتذہ پر طالبات نے جنسی ہراسانی اور غیرمہذب تصاویر بھیجنے کا الزام لگایا تھا۔