لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جرائم پیشہ اورشرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ، قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ کو قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جرائم پیشہ اور شرپسند عناصرکے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، عوام کے جان ومال کے تحفظ، قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے۔
کچھ عناصر نہیں چاہتے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو، عثمان بزدار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست انتہائی نقصان دہ ہے ملک کو منفی سیاست نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، غریبوں کی فلاح وبہبود کے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔