لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے صرف نعرے لگاسکتے ہیں عدم اعتماد لانا ان کے بس کی بات نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد کا جسے شوق ہے وہ لے آئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی سے پاکستان براڈ کاسٹرزایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں شکیل مسعود، حسین، میاں عامر محمود، ناز آفرین سہگل ودیگر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر اسمبلی توڑنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، پنجاب اسمبلی میں ہمیں اکثریت حاصل ہے وہ جب کہیں گے اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ق لیگ ارکان کی تعداد 191 ہے جبکہ اپوزیشن اقلیت میں ہے اور اقلیت میں ہی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی ان سیشن ہو تو عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی ہے، اسمبلی کا اجلاس ہورہا ہو تو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا ہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ تمام کام آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کیے ہیں اور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے معیشت کا برا حال کردیا ہے عوام پی ڈی ایم حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں، شہباز شریف کو صرف مانگنا آتا ہے اور وہ صرف مانگ سکتے ہیں، اگر بھکاری بھی ایک در پر بار بار دستک دے تو گھر والے دروازے بند کردیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک پائی بھی نہیں دی، ہم نے اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی آبادکاری اور بحالی کا کام کیا ہے۔