لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائیونڈ دھماکے میں شہید سب انسپکٹر محمد اسلم کے اہلخانہ کیلئے سواکروڑ کا امدادی چیک دیدیا جبکہ مفت گھر، بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے اورشہید کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف رائیونڈ دھماکے میں شہید سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائش گاہ پہنچے، وزیراعلیٰ نے اہلخانہ سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور شہید کے اہلخانہ کو سوا کروڑ کی مالی امداد کا چیک دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے لیے مفت گھر،بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے اورشہید کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہید کے اہل خانہ کو تنخواہ باقاعدگی سے جاری رہے گی اوراہلخانہ کوعلاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : رائیونڈ: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 9 افراد شہید، 14زخمی
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔
یاد رہے کہ 14 مارچ کورائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور 9 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائے ونڈ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔