ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بل منظور: نئی تاریخ رقم کر دی، عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کا نیا بل منظور کر لیا گیا، اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں جس پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، بل نامنظور کے نعرے لگائے اور بنچوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔

بل کی منظوری پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہم نے فرسودہ بلدیاتی نظام ختم کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، آج کا دن اہمیت کا حامل ہے، نئے بلدیاتی نظام سے پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، ماضی کے بلدیاتی ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں نا کام رہے تھے۔

انھوں نے نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری پر ارکان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار حقیقی معنو ں میں بلدیاتی اداروں کو خود مختاری دی جائے گی، 8 ماہ میں نیا بلدیاتی نظام لا کر عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ہم باتیں نہیں کام کرتے ہیں اور کر کے دکھاتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ وزیر اعظم نے پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ کیا تھا، آج الحمدلله پنجاب اسمبلی نے بلدیاتی نظام کا بل منظور کر لیا، پنجاب حکومت کپتان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے، ممبران مبارک باد کے مستحق ہیں۔

عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ایڈمنسٹریٹر کا تقرر ہوگا، بلدیاتی الیکشن ہونے تک تمام معاملات ایڈمنسٹریٹر چلائے گا، پنجاب حکومت کا 33 فی صد بجٹ بلدیاتی حکومت کو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے دن سے باتیں کی جا رہی ہیں کہ آج جا رہا ہوں کل جا رہا ہوں، وزیر اعظم عمران خان اور صوبائی ارکان کا مجھ پر اعتماد ہے، اعتماد کی بنیاد پر مجھے بہ طور وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں ہٹایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں