لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقات کی، جس میں امن عامہ کی بہتری کے لیے پنجاب اور وفاق میں مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں صوبے میں سیکورٹی صورت حال کی مزید بہتری سے متعلق اقدامات پر غور کرتے ہوئے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی وزیر خارجہ سے ملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا، امن و امان کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزے کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔