ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج نیب میں پیش ہوں گے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب آج نیب لاہور میں پیش ہوں گے، سردار عثمان بزدار پر کروڑوں روپے مبینہ رشوت کے الزام اور شراب کے لائنسنس کی چھان بین کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج قومی احتساب بیورو لاہور کے روبرو پیش ہوں گے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس نے نیب کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار اکیلے نیب میں پیش ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ذاتی حیثیت میں نیب آفس پیش ہوں گے، انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور وزراء کو نیب آفس آنے سے روک دیا ہے۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو نے غیرقانونی طور پر شراب لائسنس کی چھان بین کے لیے انہیں طلب کر رکھا ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب پر5کروڑ روپے مبینہ رشوت کا بھی الزام ہے، جس کی ان سے تفتیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار بغیر پروٹوکول نیب میں حاضری دیں گے، انہوں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت بھی مکمل کر لی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان کا دامن صاف ہے وہ اکیلے نیب آفس جائیں گے اور حقائق سامنے رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شراب لائسنس کے اجرا کے بارے میں نیب کو دستاویزات پیش کریں گے اور تحریری بیان کے ساتھ سوالات کے جواب بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کی گئی تھی۔

مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی تھی جب نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں بھی ہٹادیں تھیں۔

پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کی گئی تھی، لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378میں پتھروں سے بھرے تھیلے لے کر آئے تھے جو پولیس پر برسائے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ مریم نواز سمیت دیگر قائدین اور 300 کارکنان کے خلاف درج کرادیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں