لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے موبائل پولیس خدمت مراکز پروگرام کا افتتاح کر دیا، پروگرام کے تحت پنجاب کے 36 اضلاع میں موبائل پولیس خدمت مراکز کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج ہفتے کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گریٹر اقبال پارک میں پنجاب کے 36 اضلاع کے لیے موبائل پولیس خدمت مراکز کے پروگرام کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گریٹر اقبال پارک میں پولیس خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا، انھوں نے پولیس خدمت مرکز اور موبائل پولیس خدمت مراکز کا معائنہ کیا اور خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ان خدمت مراکز میں بینک آف پنجاب کے کاؤنٹر بھی قائم کیے جائیں، مراکز کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولتیں مہیا ہوں گی، پولیس مراکز کو پورے صوبے میں پھیلا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو دہلیز پر خدمات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے، آج کے دن پنجاب کے لوگوں کے لیے آسانی کا افتتاح کر رہے ہیں، شہریوں کو سفر کی زحمت سے نجات ملے گی۔
انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ اسٹامپ پیپرز کی فراہمی خدمت مراکز پر ہونی چاہیے، مراکز میں شہریوں کو بار بار چکر لگانے کی زحمت نہ دی جائے۔ علاوہ ازیں انھوں نے کہا کہ مراکز سے ایف آئی آر کی کاپی اور دیگر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پنجاب شہدا کے تمام کیسز حل کر کے حق ان تک پہنچایا۔