اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور پسماندہ اضلاع کے عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں بابر اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور بابر اعوان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ۔
ملاقات میں صوبے کی تازہ سیاسی صورتحال اور قانونی امور پر تبادلہ خیال اور مختلف ترقیاتی اسکیموں اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اولین ترجیح ہے، پسماندہ اضلاع کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر ہماری بھرپور توجہ ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کرینگے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے معمولی جرائم کے قیدیوں کی رہائی احسن قدم ہے، مستقل مزاجی سے خدمت جاری رہی تو عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے،30سال تک حکمرانوں نے صوبے کا بجٹ صرف لاہور میں رکھا۔
مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی فردوس عاشق اعوان سے ملاقات
بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں کو نظرانداز کیا جاتا رہا، جنوبی پنجاب کا ترقیاتی بجٹ میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں جھونک دیا گیا، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی اور ان کا حکومت پراعتماد بڑھے گا۔