لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے صوبے کی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، سابق دور کی غلط پالیسیوں کے نقصان کا ازالہ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی، عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی، عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے لیے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔
[bs-quote quote=”وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے سے تبدیلی نظر آئے گی” style=”style-6″ align=”left” author_name=”عثمان بزدار”][/bs-quote]
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں، پی ٹی آئی حکومت کا ہر اقدام عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہوگا، وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے سے تبدیلی نظر آئے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پانی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں کی بہتری کے اقدامات کریں گے، ایسی پالیسیاں بنائیں گے جن کے بہتر ثمرات سے عوام استفادہ کرسکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبائی اراکین اسمبلی میرے دست وبازو ہیں، پنجاب اب تحریک انصاف کا قلعہ بن چکا ہے۔