لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، اللہ کے فضل سے پنجاب میں 24 گھنٹے میں کورونا سے کوئی جاں بحق نہیں ہوا، عوام کو عید الاضحی پراحتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ کے فضل سےپنجاب میں24گھنٹےمیں کوروناسےکوئی جاں بحق نہیں ہوا، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا سے متاثرہ172نئے مریض سامنے آئے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مجموعی طورپرآج ایکٹو کیس 8ہزار697ہیں جبکہ مجموعی طور پر81ہزار260مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 6 لاکھ 99ہزار 636 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، حکومت کے مؤثراقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے، عوام کی جانب سے بھی ایس او پیز پر عمل کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات تسلسل کےساتھ جاری رکھے جائیں گے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، عید پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کی احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل ضروری ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، عید پراحتیاطی تدابیراختیارکر کے کورونا میں کمی کا تسلسل برقراررکھنا ضروری ہے۔
عوام کو عید الاضحی پراحتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا، میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔