لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کرونا وائرس سے پیدا صورتحال اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کو علاج کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے علاج میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائےگا، پنجاب کے اسپتالوں میں خالی بستر بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی ہیں، اسپتالوں میں علاج معالجے کے لیے ضروری دوائیں دستیاب ہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،زندگیوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات تسلسل سے جاری رہیں گے،کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے،ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے پر عمل کرایا جائے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔