لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عافی بند کے علاقے میں اسکول،پکنک پوائنٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو بکریوں کےدودھ کی چائے پیش کی گئی۔عثمان بزدار نے پانی کی بوتل کے بجائے گڑھے سے پانی منگوا کر پیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو علاقے کے لوگوں نے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے موقع پر لوگوں کو ہمہ وقت پانی کی فراہمی کے لے ٹینکی رکھوانے کی ہدایت کی۔
عثمان بزدار نے عافی بند کے علاقے میں اسکول،پکنک پوائنٹ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بستی زین سے آنے والے راستے کو پبلک پارک ڈکلیئر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سفید کوہ بلٹ جیسا علاقہ پنجاب کا حصہ ہے مگر ترقی میں صدیوں پیچھے ہے،علاقوں کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے وزارت اعلیٰ کا منصب ملا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کا وکیل ہوں ،جو پہلے تھا آج بھی وہی ہوں، آپ میرے ساتھی ہیں اور آپ کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ عافی بند آنے والے قبائلیوں نے تصاویر بنوائیں ،زندہ باد کے نعرے لگائے۔