ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجر اور انچارج اسٹریٹ لائٹس کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔عثمان بزدار نے کمپنی کے ڈپٹی منیجر اور انچارج اسٹریٹ لائٹس کو مقرر کر کے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او سے 2 دن میں وضاحت طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صفائی کی ذمے دار ایم ڈبلیو ایم سی ہے،کوتاہی برداشت نہیں کروں گا،شہر میں صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وارننگ کے باوجود بہتری نہ ہونا افسوسناک ہے،اسٹریٹ لائٹس کو ترجیحی بنیادوں پر فوری درست کیا جائے، اسٹریٹ لائٹس روشن نہ ہونے سے عوام کودشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں، عثمان بزدار
اس سے قبل 13 ستمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رات گئے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا تھا اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا تھا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں،فرائض میں غفلت برتنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے۔