لاہور: شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سلسلے میں منعقد ہونے والے اجلاس میں عبد القادر بلوچ کو بلوچستان کا قائم مقام صدر نامزد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں قائم مقام عہدوں پر ن لیگ کے رہنماؤں کی نامزدگی عمل میں آئی۔ جمال شاہ کاکڑ اور میر افضل مندو خیل کو قائم مقام سینئر نائب صدور کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
اجلاس میں قائم مقام جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے سیدال خان ناصر نامزد کیے گئے جب کہ یونس خان بلوچ پارٹی کے قائم مقام ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور فرید افغان خان ن لیگ بلوچستان کے قائم مقام سیکریٹری اطلاعات نامزد ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ثناءاللہ زہری نے ہمیشہ لگن اورجذبے کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ پارٹی کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہے ہیں۔ نوازشریف کی قیادت میں سب نے پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سب نے مل کربلوچستان میں پاکستان ن لیگ کومضبوط بنانا ہے، میں اس سلسلے میں جلد ہی کوئٹہ کا دورہ بھی کروں گا۔ انھوں نے دبے لفظوں میں صوبے کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جوکچھ ہوا اس پرمؤرخ ضرورلکھےگا۔
بلوچستان، مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری اور ساتھی بی اے پی میں شامل
اجلاس میں نامزد ہونے والے عہدے داران نے پارٹی کے ساتھ اپنے اخلاص اور وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوازشریف اورپارٹی صدر شہباز شریف کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف ان دنوں پارٹی قیادت کی طرف سے نظرانداز ہونے والے علاقوں کی طرف توجہ دے رہیں، اس سلسلے میں انھوں نے کراچی کا بھی دورہ کیا اور جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے حوالے سے بھی مثبت بیانات دے رہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔