کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ نے کراچی شہر میں ایک بار پھر سے بڑھتی ہوئی بدامنی کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا مراد علی شاہ کا کہنا ہے کے ٹارگٹ کلرز بھتہ خور اور دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے امن امان کی صورتحال پر آج شام خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیر اعلی ہاؤس میں بلائے جانے والے اجلاس میں کراچی میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی صورتحال کا جائزہ لیکر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آئی جی سندھ سیکریٹری داخلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی امن امان کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں دہشتگردوں ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ نے کہا ہے کے وہ دہشتگردوں ٹارگٹ کلروں اور بھتہ خوروں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
مزید پڑھیں : کراچی: فائرنگ کے 3 واقعات میں 6 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں آدھے گھنٹے کے اندر شفیق موڑ اور پٹیل پاڑہ میں فائرنگ کے تین واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔
پہلا واقعہ پٹیل پاڑہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوئے، دوسرا واقعہ نارتھ کراچی کے علاقے شفیق موڑ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کراچی میں دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں 5 افراد کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے