اسلام آباد : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت12ربیع الاول کےحوالے سے اجلاس ہوا، مراد علی شاہ نے کہا کہ 12ربیع الاول عقیدت،محبت اوراحترام کےساتھ منایا جائے گا، علما کی مشاورت سے جلوسوں کے راستوں پر انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی اداروں کو جلوسوں کےانتظامات کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد میں پانی کے انتظامات کویقینی بنایا جائے ، سیکیورٹی کےانتظامات کے حوالے سے پولیس کو ہدایات دی ہیں۔
مراد علی شاہ نے سرکاری عمارات پرعید میلاد النبیﷺ کےموقع پرچراغاں کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبےمیں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کےالیکٹرک،حیسکواورسیپکو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کےباعث زیادہ ترسڑکیں خراب ہوگئی ہیں، فوری سڑکوں کی مرمت نہیں کرسکیں گے لیکن کچھ پچ ورک کرنےکی کوشش کریں گے۔