کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سرکاری افسران پر سفری پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی افسر اب کہیں سفر نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں عذرا پیچوہو، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب ، میئر وسیم اختر، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ، آئی جی سندھ ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری، کمشنر کراچی، سیکریٹری داخلہ، ڈاکٹرفیصل،ڈاکٹرباری،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تفتان سے آنے والے تمام افراد کے کھانے پینے کاخیال رکھا جائے، تفتان سے آنے والے افراد خود کو اکیلامحسوس نہ کریں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کرونا کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 19 افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں،15 کا نتیجہ ابھی آنا باقی ہے، جو 4 نتائج آئے ہیں اُن میں ایک کاٹیسٹ مثبت تھا،متاثرہ افراد سےرابطہ کرنے والوں کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے سرکاری افسران پر سفری پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی افسر اب کہیں سفر نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاسوں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ کو پابندی سے متعلق وفاقی حکومت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔