وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکو آخری سانسیں لے رہے ہیں، اندرون سندھ میں بزدل ڈاکوؤں سے مقابلہ چل رہا ہے۔
یوم شہدا پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس فورس نے ان بزدلوں کو قابو کیا ہے، وردی پہننے والے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر زندگی گزارتے ہیں، سندھ حکومت تو سندھ پولیس کو یاد رکھتی ہے باقی لوگ نہیں رکھتے۔
انھوں نے کہا کہ لواحقین کو اپنی فیملیز کی طرح سمجھتے ہیں، پولیس فوج اور رینجرز کی قربانیوں کی وجہ سے یہ ملک آباد ہے، پولیس سے میرا بھی کبھی ناراضگی کا اظہار ہوتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر ادارے میں خراب لوگ ہوتے ہیں ان کی وجہ سے ادارہ برا نہیں ہوتا، ہم نے اپنی پولیس اور شہدا کے لواحقین کی حوصلہ افزائی کرنی ہے
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پولیس ہیڈ کواٹر پر حملہ کیا تھا، ہماری پولیس نے دہشت گردوں کو مو توڑ جواب دیا، شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ملک آباد ہے، اس ملک اور صوبے کو بہتر بنانے کےلیے پولیس نے جان کی قربانی دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا شکرگزارہوں وہ شہدا کی یاد میں سب کو اکٹھا کرتے ہیں، پولیس شہدا کے خاندانوں کو یقین دلاتے ہیں آپ اکیلے نہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے شہدا کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو آباد کیا ہوا ہے، ہماری یونیفارم کے لوگ 24 گھنٹے احساس دلاتے ہیں کہ آپ محفوظ ہیں۔