کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت ساری کمائی کراچی سے لیتی ہے لیکن یہاں خرچ کرنے کے لیے حکومت کے پاس پیسا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز شہید ملت انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک گھبرائے ہوئے شخص نے کل کہا کہ گھبرانا نہیں ہے، جب میں سندھ کے لیے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کروں گا تو دیکھتا ہوں کیسے کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پچھلے 3 سال میں کراچی میں میگا اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں، کراچی والوں کو چور کہتے ہیں اور ساری کمائی بھی یہاں سے لیتے ہیں، ہم غریبوں کے ساتھ رہتے ہیں، ان کے دکھ سکھ کا پتا ہے، ان کو تو ٹی وی سے پتا چلتا ہے، ایک بھی پراجیکٹ حکومت نے کراچی میں شروع نہیں کیا، کہتے ہیں گھبرانا نہیں، وہ مجھ سے ملنے سے گھبرا رہے ہیں، مجھے موقع ہی نہیں دیتے کہ ان کے سامنے بات کروں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میرا حق ہے کہ صوبے کی بات ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کروں، ن لیگ حکومت نے کراچی میں کچھ پروجیکٹس شروع کیے تھے، موجودہ حکومت کے لوگ سب میں فیل ہوئے ہیں، سندھ میں ترقیاتی کام سندھ حکومت کرا رہی ہے، وفاق سے کام نہیں ہوتا تو کوتاہیاں ہم پر ڈال دیتا ہے۔
دریں اثنا، مراد علی شاہ کی تقریر کے دوران ایک نوجوان نوکری کی عرضی لے کر اسٹیج پر پہنچ گیا، کہا پانچ سال سے آپ سے ملنے کی کوشش کر رہا ہوں، مراد علی شاہ نے کہا ہم ملازمت ایسے نہیں دے سکتے، حکومت ڈائریکٹ نوکریاں نہیں دے سکتی، تمام نوکریاں اشتہارات کے ذریعے میرٹ پر دی جاتی ہیں، اسپیشل اسسٹنٹ کی پوزیشن جو آپ مانگ رہے ہیں وہ سیاسی پوسٹ ہے۔
خیال رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی میں سگنل فری شاہراہ، شہید ملت روڈ انڈر پاس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے شیر شاہ سوری سے پوچھیں کتنا کام کیا، سندھ حکومت ایک دن میں سات منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے، ستائیس دسمبر کو لیاقت باغ سے سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کو پیغام دیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔