کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں کے الیکٹرک کی وجہ سے اموات ہوئیں عوام درخواستیں دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ بارش سے کراچی کی صورت حال کافی خراب ہے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی وجہ سے کراچی میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کنٹرول کیوں نہیں کرتی ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، 30 افراد کرنٹ لگنے سے مرچکے ہیں، تھانے جاکر کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کراؤں گا۔
مزید پڑھیں: کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام سندھ حکومت سے تنگ آچکے ہیں، وسیم اختر
واضح رہے کہ بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 31 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 9 جانور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں کراچی میں بارش رکنے کے باوجود مختلف علاقوں کی بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے، کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام تین دن سے اذیت میں مبتلا ہیں۔