کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تقریر میں کہا تھا جب آپ آگئے تو اسے اپنا ملک تصور کریں، جو ملک کو توڑنے کی بات کرے گا وہ ہمارادشمن ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں موجود لوگوں کو عوام نے منتخب کرکے بھیجا، اس ایوان کا ہر ممبر قابل عزت ہے، کسی کوکوئی بھی مسئلہ ہوا ہمیشہ حل کی کوشش کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے، نگراں سیٹ اپ کیلئے آئین میں طریقہ کار پر عمل کرینگے، کوشش ہے 31مئی تک نگراں سیٹ اپ پرفیصلہ کرلیں گے، نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ ایوان میں پیش کر دیں گے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ الگ صوبےکی بات چیت میں کچھ الفاظ کہہ دیےتھے، میری درخواست پر ان الفاظ کو ہذف کرادیا تھا، کوئی اپنا گھر نہیں چھوڑنا چاہتا یہ بڑی قربانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریر میں کہا تھا جب آپ آگئے تو اسے اپنا ملک تصور کریں، کوئی الگ صوبے کا مطالبہ کرے تو جذباتی ہو جاتے ہیں، صوبے کی تحریک کو اسمبلی سے کامیاب کرانا ہوگا جو ناممکن ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو ملک کو توڑنے کی بات کرے گا وہ ہمارا دشمن ہے، اس ملک میں رہنے والے سارے محب وطن ہمارے بھائی ہیں، جن الفاظ پر شکایت کی گئی تھی میں اس پر معذرت کرتا ہوں۔